5 نومبر 2014 - 13:05
امریکی سینیٹ میں ریپبلکنز کو اکثریت حاصل ہو گئی

امریکہ میں وسط مدتی انتخابات میں چھ نشستیں حاصل کرکے ریپبلکنز نے سینیٹ میں اکثریت حاصل کر لی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں وسط مدتی انتخابات میں چھ نشستیں حاصل کرکے ریپبلکنز نے سینیٹ میں اکثریت حاصل کر لی ہے۔

منگل کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق سینیٹ کی 100 نشستوں میں سے 51 نشستوں کے ساتھ ہی ریپبلکنز کو سینیٹ میں اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔

اس سے قبل ڈیموکریٹس کے پاس سینیٹ کی 55 نشستیں تھیں، لیکن وسط مدتی انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق ریپبلکنز نے آکنسا، کولوراڈو، مونتانا، نارتھ کیرولینا، ساوتھ ڈکوٹا اور ویسٹ ورجینیا سے چھ نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے عددی برتری حاصل کر لی ہے۔

ان انتخابات کو امریکی صدر براک اوباما کے لیے ریفرنڈم قرار دیا جا رہا تھا۔

اوباما کی مدت صدارت مکمل ہونے میں دو ہی برس باقی رہ گئے ہیں۔

منگل کو ہونے والے ان انتخابات میں ایوان نمائندگان کی تمام کی تمام 435 نشستوں، جب کہ سینیٹ کی 100 سیٹوں میں سے ایک تہائی نشستوں کے لیے الیکشن ہوا۔

ایسے میں جب براک اوباما کی مقبولیت میں تیزی سے کمی آئی ہے اور وہ گر کر 40 فی صد رہ گئی ہے، ری پبلکن پارٹی چند ایک ریاستوں میں بہتر پوزیشن میں ہے، جہاں سے دو برس قبل ہونے والے صدارتی انتخابات کے دوران اوباما نہیں جیت پائے تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔

/169